بھٹکل:8/اگست (ایس اؤنیوز) بھٹکل تعلقہ میں ایچ ون، این ون کےمتاثرہ مریضوں میں حیران کن اضافہ دیکھا جارہاہے، جس سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ پیر کو ایچ ون این ون میں مزید تین مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے ساتھ ہی ایچ ون،این ون معاملات میں مریضوں کی تعداد 12کو پہنچ گئی ہے۔
بھٹکل بلدیہ حدود کی مکین عائشہ روبینہ (38)،عثمان اسٹریٹ کے 1سال 10ماہ کے بچے محمد فیضان اور شرالی ،تٹی ہکل کا10ماہ کے بچے نندیش گوپال کرشنا دیواڑیگا کو ایچ 1این 1ہونے کی منی پال ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے۔ فوری طور پر علاج کئے جانے سے فی الحال مریض روبہ صحت ہونے کی ذرائع نے خبر دی ہے۔ امسال فروری میں ایک مریض،مئی کے مہینے میں 2 مریض،جون میں 2 مریض،جولائی میں 3 مریض ایچ 1این 1معاملات درج ہوئے ہیں۔ خاص کر اگست کے پہلے ہفتہ میں ہی تعلقہ میں کل 4ایچ 1این 1معاملات کے پتہ ہونے سے عوام اس بیماری کے خوف سے حیران ہیں۔
جولوگ بیماری کو روکنے کی طاقت نہیں رکھتے وہ بہت ہی آسانی کے ساتھ ایچ 1این 1سے متاثر ہونا ممکن ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ماہر ڈاکڑوں نےہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ چھوٹے چھوٹے بچوں اور کمزور لوگوں کو عوامی ہجوم، بھیڑ بھاڑ، شادی بیاہ، میلے ٹھیلوں سے دور رکھاجائے ۔ محکمہ صحت نے بھٹکل کے عوام سے مینگلور اور اُڈپی کی طرف اپنے بچوں کو نہ لے جانے کی بھی صلاح دی ہے کیونکہ اُن اضلاع میں ایچ ون این ون کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔ محکمہ صحت نے کھانسی یا چھینک کے دوران منہ پر دستی ، رومال ،ٹیسیو پیپر استعمال کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔ بخار ،سردی کے متعلق غفلت نہ برتنے کی بھی عوام سے درخواست کی ہے اور فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ تعلقہ میں تیزی کے ساتھ ایچ 1این 1میں اضافہ ہونے کی وجہ سے محکمہ صحت حالات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ اسکولی بچوں ، محکمہ صحت کا عملہ ، آنگن واڑی کارکنان اس سلسلے میں بچوں اور ان کے والدین کو پیشگی اقدامات کے متعلق جانکاری دینے کے لئے حکم جاری کیاگیاہے۔